اوکاڑہ: بااثر افراد کا کاشتکار پر سربازار وحشیانہ تشدد‘ برہنہ کر کے گھسیٹتے رہے
اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ میں چھوٹے کاشتکار کو 6 بااثر افراد نے سربازار برہنہ کرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ملزمان منہ کالا کرکے زخموں پر پسی ہوئی مرچیں ڈالتے رہے اور بازار میں گھسیٹتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق موضع لنڈیانوالہ کے رہائشی ذاکر علی کے رقبہ سے ملزمان ارشاد عرف بوٹا، شاہد پسران محرم علی، سجاد عرف ساجی، شان، افضل چوری چارہ کاٹ کر لے جاتے۔ ذاکر علی نے منع کیا تو ان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، گزشتہ روز ذاکر علی ایک دکان پر بیٹھا ہوا تھا کہ ملزمان ڈنڈے سوٹے لیکر آگئے اور ذاکر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ ملزمان بااثر ہونے کی وجہ سے کوئی مدد کوآگے نہ بڑھ سکا۔ ذاکر علی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس تھانہ شیر گڑھ نے ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔