یواین بھارت کیخلاف ہرسال 5اگست کومظاہرہ کیلنڈرائز کرے،اوکے سی
برسلز ( نمائندہ خصوصی ) یو این بھارت کے خلاف ہر سال 5 اگست کو مظاہرہ کیلنڈرائز کرے تاکہ دنیا بھر میں سرکاری سطح پر کشمیریوں کے لیے یوم استحصال منایا جائے۔بین الاقوامی تنظیم آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن کے زیراہتمام بھارت کی طرف سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے ظالمانہ محاصرے کے خلاف ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبر آف یورپین پارلیمنٹ ریپا مینولا، صدر آل پارٹی گروپ آف کشمیر ای یو مسٹر پروفیسر الفریڈدی زیاس،سپیشل یو این نمائندہ مس بوئیڈ سوریا،سی ای او انٹرنیشنل این جی او مسٹرسیون لیونائیڈ، پروفیسرجوزف، رانا بشارت علی خان، یو این ایکسپرٹ مسٹر فرینک جبکہ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس و یو این کے مستقل نمائندے برسٹر عبدالمجید ترمبو نے میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے اور او کے سی کے ایگزیکٹو ممبر پروفیسر نذیر شال نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے برسٹر مجید ترمبو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پوری دنیا کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے کشمیری بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او کے سی نے یو این کو بھارت کے خلاف ہر سال مظاہرہ کرنے کے لیے درخواست دیدی ہے تاکہ کشمیریوں کے حق اور بھارت کے ظالمانہ رویے کے خلاف 5 اگست کا دن سرکاری طور پر مقرر کیا جائے۔پروفیسر نذیر شال نے کہا کہ بھارت نے سٹریٹجکلی غلط فیصلہ کیا اور 5 اگست کو کشمیر پر ظالمانہ محاصرہ کیا ہم نے دنیا بھر میں آواز اٹھائی اور اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں 1965کے بعد 3مرتبہ کشمیر کا معاملہ زیر غور آیا جبکہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمشن کی 2 رپورٹس منظر عام پر آئیں۔مس ریپا نے کہا کہ ای یو انسانی حقوق کا تحفظ چاہتا ہے تاکہ کشمیریوں کو ان کا حق آزادی مل سکے۔ رانا بشارت نے کہا کہ 5 اگست عالمی ضمیر اور اقوام متحدہ کی ساکھ کے مجروح ہونے کا دن ہے۔ پروفیسر الفرڈ نے کہا کہ بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے اور کشمیری نوجوانوں اور کمسن بچوں کو بھارتی عقوبت خانوں میں مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کشمیریوں کی اپنی آزادی اور حقوق کیلئے آواز دبانے کے لئے جبرو استبداد کے بہیمانہ ہتھکنڈے اختیار کئے جارہے ہیں۔