• news

باہمی  معاونت بل ہمیشہ کیلئے آئی ایم ایف‘ ورلڈ بینک کا غلام بنا دیگا: سراج الحق 

اسلام آ باد/ لاہور  (وقائع نگار خصوصی/ خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاس ہونے والے میوچل لیگل اسسٹنٹس کریمنل بل کو مسترد کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا حکومت کے پاس کردہ باہمی معاونت کے بل پر ردعمل دیتے ہوئے  کہا کہ یہ بل پاکستان کو ہمیشہ کے لیے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دینے کے لیے پاس کیا گیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بل پاس کرانے میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ماضی کی طرح حکومت کے لیے خاموش سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی دبائو پر قانون سازی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے، حکومت نہ مشاورت کرتی ہے اور نہ ہی رائے عامہ کا احترام کیا جاتا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ بڑی پارٹیوں کے ساتھ کچھ لو اور کچھ دو کا معاملہ کر کے معاملات طے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چند ڈالرز کے عوض ملکی آزادی اور خود مختاری کا سودا کیا ہے۔ دریں اثناء ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور قانون بنانے والے ادارے بتائیں بھارت کیخلاف کشمیر ریلی پر بم حملے کے ملزموں کو گرفتار  کیوں نہیں کیا گیا۔ حملہ کسی فرد واحد نے نہیں کیا بلکہ اس کے پیچھے پوری سازش ہے جس کا فائدہ بھارت کو ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کراچی کو لاوارث بنا دیا گیا ہے۔ وفاقی صوبائی اور شہری حکومتیں ایک دوسرے پر الزام  تو لگاتی رہتی ہیں مگر مسائل حل نہیں کرتیں۔

ای پیپر-دی نیشن