لاہور: 8 ڈاکے، مریدکے: مزاحمت پر امام مسجد قتل، فیض آباد میں پولیس مقابلہ، کانسٹیبل شہید
لاہور‘ شیخوپورہ‘ فیروزوالا‘ منڈی فیض آباد (نمائندگان خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگاران) لاہور میں ڈکیتی کی 8 وارداتوں سمیت 13 مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں کی نقدی‘ زیورات‘ گاڑیاں و دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ مرید کے میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر امام مسجد کو قتل کر دیا گیا جبکہ منڈی فیض آباد میں ڈاکوؤں کیساتھ مقابلے کے دوران کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ لاہور سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے حسیب کے گھر سے 5لاکھ 20ہزار کی نقدی، طلا ئی زیورات اور دیگر سامان، چوہنگ میں بشارت کے گھر سے 4لاکھ50ہزار کی نقدی ،طلائی زیورات اور دیگر سامان‘ کاہنہ میں افتخار کے گھر سے3لاکھ 10 ہزار کی نقدی، طلا ئی زیورات اور دیگر سامان‘ مغلپورہ میں الیاس کے گھر سے1لاکھ 55ہزار کی نقد ی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، مصطفیٰ ٹاؤن میں منیر کے گھر سے 1 لاکھ، زیورات اور دیگر سامان‘ اسلام پورہ میں غفار سے55ہزار کی نقد ی اور دیگر سامان‘ شاہدرہ میں تبسم سے 40ہزار کی نقد ی اور دیگر سامان،پرانی انارکلی کے علاقہ میں جاوید سے 20ہزارکی نقد ی زیورات اور دیگر سامان چھین لیا۔ باٹا پور اور قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ سے گاڑیاں جبکہ بھاٹی گیٹ‘ سمن آباد اور نواب ٹاؤن سے موٹر سائیکلیں چرا لی گئیں۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق مرید کے میں تھانہ صدر کے علاقہ میں 34چک روڈ پر پولیس چوکی کے قریب ڈکیتی کی مبینہ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے پیش امام کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور 47 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ مقتول 6 بچوں کا باپ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر 33کی مقامی مسجد کے پیش امام حافظ محمد عرفان رضوی اپنے بھائی اور ساتھی کے ہمراہ داتا دربار حاضری کے بعد رات ڈیڑھ بجے کے قریب موٹر سائیکلوں کے ذریعے گھر واپس جا رہے تھے کہ پولیس چوکی سے کچھ فاصلے پر ناکہ لگائے تین ڈاکوؤں نے انہیں روک لیا۔ اہل دیہہ نے پولیس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا مگر پولیس نے تھانیدار کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا جس پر اہل دیہہ نے نعش تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے کے سامنے جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا۔ ڈی ایس پی سرکل مریدکے قیصر مشتاق نے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر ا دیا۔ پولیس کے مطابق قتل کی واردات کسی عداوت کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے۔ منڈی فیض آباد سے نامہ نگار کے مطابق منڈی فیض آباد میں ڈاکووں اور پولیس کے درمیان مقابلہ کے دوران ایک کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مختار علوی انسپکٹر سی آئی اے لاہور کو خفیہ اطلاع ملی کہ چار ڈاکو ایک کیری ڈبہ میں آ رہے ہیں چنانچہ چونگی سٹاپ ناکہ لگا کر کیری ڈبے کو روکنا چاہا تو وہ بھاگ گئے۔ ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فیض آباد کے علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران کانسٹیبل محمد اشرف ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے لاہور میو ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ دم توڑ گیا۔