• news

گلگت دنیا کا خوبصورت ترین علاقہ‘ سیاحت کو ترقی دینا ہو گی: صدر علوی

گلگت ‘ اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ‘سپیشل رپورٹ) صدر مملکت عارف علوی نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا صدر مملکت کو نگران وزیراعلیٰ میر افضل نے صوبے کی صورتحال پر بریفنگ دی صدر عارف علوی نے کہا کہ گلگت بلتستان دنیا کا خوبصورت ترین علاقہ ہے، یہاں پانی، معدنیات اور سیاحت کو ترقی دینے کی ضرورت ہے۔کرونا وائرس سے متعلق گلگت بلتستان حکومت کی کارکردگی سب سے اچھی رہی۔یہاں سیاحت کو پروان چڑھانے سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔صدر کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے 16500 افراد کو روزگار ملے گا۔اس منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں خوشحالی کا دور شروع ہو گا۔ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی زیرصدارت وفاقی ٹاسک فورس فارالارمنگ پاپولیشن گروتھ کا اجلاس اسلام آباد میں ہو ا جس میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابوپانے کیلئے مختلف تجاویز کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں لوگوں میں آبادی میں تیزی سے اضافہ کے مضمرات بارے شعوروآگہی پھیلانے میں میڈیا اورعلمائے کرام سے تعاون لینے پراتفاق کیا گیا۔خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پروگراموں کیلئے فنڈز میں اضافہ کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ صدر مملکت نے شرکاء کویقین دلایا کہ وہ اس ضمن میں فنڈزمیں اضافہ کیلئے وزیراعظم کو کہیں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیرمذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیرنورالحق قادری، وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق دائود، سماجی تحفظ اورتخفیف غٖربت کیلئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت خدمات و ریگولیشنز ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، گلگت بلتستان کے قائم مقام وزیراعلیٰ میر افضل، اسلامی نظریہ کونسل کے چئیرمین ڈاکٹرقبلہ آیازو دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن