• news

مسجد وزیر خان میں فلم شوٹنگ: بے حرمتی ہوئی‘ نورالحق قادری‘اداکار

لاہور ، اسلام آباد (کلچرل رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + خصوصی نمائندہ) پاکستان کی تاریخی مسجد وزیرخان میں گذشتہ دنوںفلم کے گانے کی شوٹ ہوئی جس میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے حصہ لیا۔ فنکاروں نے مسجد میں فلم کے گانے کی شوٹنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے  مسجد جیسے مقدس ترین مقام کی بے حرمتی ہوئی ہے اس واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔  اداکارہ ماہ نور نے کہا  مسجد خدا کا گھر ہے  گانے کی شوٹنگ سے اس کا تقدس مجروح ہوتا ہے۔ اداکارہ زری شریف نے کہا کہ مسجد میں فلمی گانوں کی شوٹنگ ہر گز نہیں ہونی چاہیے۔ دریں اثناء مسجد وزیر خان میں فلم کی شوٹنگ کے نام پر بے حیائی اور فحاشی پھیلانے کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے قرارداد میںکہا ہے کہ یہ ایوان مسجد وزیر خان فلم کی شوٹنگ کے نام پر بے حیائی اور فحاشی پھیلانے کی شدید مذمت کرتا ہے ۔محکمہ اوقاف نے چند پیسوں کی خاطر تاریخی مسجد میںفلم ’’قبول ‘‘ کی شوٹنگ کرنے کی اجازت دی۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران مسجد کا تقدس پامال کیا گیا ہے فلم ڈائریکٹر اور مسجد کا تقدس پامال کرنے والے فلم کے دیگر اداکاروں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس سلسلہ میں اداکارہ صبا قمر نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن باتوں کا ہم پر الزام لگایا جارہا ہے ویڈیو میں وہ چیز شامل ہی نہیں۔ لوگ بلا سوچے سمجھے ہی ایک چیز کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ ہم نے کسی طرح بھی مسجد کا تقدس پامال نہیں کیا کیونکہ ویڈیو میں ڈانس ہے اور نہ ہی مسجد میں میوزک چلایا گیا بلکہ وہاں صرف نکاح کے سین شوٹ کئے گئے جن میں میوزک نہیں بلکہ صرف گفتگو تھی مسجد میں صرف ایک ٹاکی سین ہے جس میں نکاح ہوتا ہے اور مولوی صاحب بھی موجود ہوتے ہیں۔ میرے سر پر باقاعدہ دوپٹہ ہے،دریں اثنا صبا قمر نے سوشل میڈیا پر گانے کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مسجد میں ایسا کچھ نہیں ہوا جس پر ہنگامہ مچایا جائے،ہم نے ایسا کوئی کام نہیں کیا۔صبا قمر نے مزید کہا کہ میرا ٹک ٹاک پرکوئی اکاؤنٹ نہیں ہے کسی نے میرا جعلی اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے اور اسی نے کسی جگہ سے اس وڈیو کے کچھ شاٹ اٹھا کر شیئر کئے ہیں جن پر اتنا شور مچایا جارہا ہے۔ نورالحق قادری نے کہا مسجد میں گانے اور رقص کی عکسبندی مہ صرف افسوسناک بلکہ عبادت گاہ کی توہین کے مترادف ہے،ذمہ داروں کو سزا دی جائیگی، بیان میں کہا  مساجد کا تقدس ہر قیمت ہر برقرار رکھا جائیگا۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سعید الحسن شاہ نے تین روز میں انکوائری رپورٹ طلب کر لی،بیان میں کہا مساجد و مذہبی  مقامات کا تقدس ہر قیمت برقرار رکھا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن