• news

کرونا: مزید 7اموات ، 548نئے کیسز ، 1505شفایاب

اسلام آباد+ لاہور (خصوصی نمائندہ+نوائے وقت رپورٹ )  پاکستان میں کرونا وائرس صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 83 ہزار 787 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 604 صحتیاب جبکہ 6071 کا انتقال ہوا ہے۔ 8 اگست ملک میں کرونا وائرس کے مزید 548 کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 1505 مریض شفایاب ہوگئے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں 10 بجے تک ریسٹورنٹ کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی جبکہ بہتر صورتحال کے پیش نظر 15 ستمبر سے کاروباری و تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا کے 300 نئے کیسز سامنے آئے، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 546 ہوگئی۔ سندھ میں مزید 3 افراد جاں بحق،  اموات 2262 ہوگئیں۔ مزید 450 افراد صحتیاب ہوئے، تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 415 ہوگئی ہے۔ پنجاب  میں 183 نئے مریض اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔  نئے 183 کیسز کے بعد مجموعی کیسز 94 ہزار 223 ہوگئی۔ مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 166 تک پہنچ گئیں۔ اسلام آباد میں کرونا وائرس مزید 32 افراد کو متاثر اور ایک کی جان لے گیا۔ مجموعی کیسز 15 ہزار 214 تک پہنچ گئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 171 تک پہنچ گئیں۔ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس مزید 14 افراد، گلگت بلتستان میں مجموعی متاثرین 2 ہزار301 تک پہنچ گئے۔ آزاد کشمیر میں 5 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 129، مجموعی اموات 58 تک پہنچ گئیں۔ ملک میں کرونا وائرس سے 91 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کرونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1505 تھی۔جس کے بعد اب تک مجموعی کیسز میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 604 مریض شفا پاچکے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے  بالآخر کرونا وائرس کے باعث 5 ماہ سے بندسیاحت کے شعبے کو کھولنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ سیاحتی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دے دی۔ علاوہ ازیں لاہور میں ریسٹورنٹس کھولنے کیلئے ایس او پی جاری ، ریسٹورنٹ کے ڈائننگ ہال میں 50 فیصد تک لوگوں کو کھانا کھانے کی اجازت ہو گی۔ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ریسٹورنٹ میں آمد پر پابندی ہو گی۔ سیکرٹری ہیلتھ کیئر کے مطابق ریسٹورنٹس میں سوشل پارٹیز کی اجازت نہیں ہو گی۔ ہر ٹیبل کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا اور پلے ایریاز بند رکھے جائیں گے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 95لاکھ 57ہزار 170تک جا پہنچی۔ ہلاکتیں 7لاکھ 24ہزار 339ہوگئیں۔ 62لاکھ 75 ہزار 76مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرعلاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔ ایک کروڑ 25لاکھ 57ہزار 755مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 64ہزار 104افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ بیمار افراد کی تعداد 50لاکھ 95ہزار 748ہوچکی ہے۔ 26لاکھ 17ہزار 458مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن