• news

تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم آج‘ 35 لاکھ پودے لگائیںگے‘ شہری حصہ لیں: عمران 

اسلام آباد؍ لاہور (نوائے وقت رپورٹ/ آن لائن)  وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آج اتوار سے ہماری تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم شروع ہورہی ہے، ہر شہری اس میں حصہ لے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ارکان اسمبلی، وزرائ، وزرائے اعلیٰ اور ٹائیگر فورس سے اس مہم میں بھرپور طریقہ سے حصہ لینے کیلئے کہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ایک روز میں 35 لاکھ پودے لگانے کا ہدف ہے، تاہم ہم کوشش کریں گے کہ اس سے بھی زیادہ پودے لگائے جائیں۔یاد رہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبے کی عالمی سطح پر پذیرائی سامنے آ رہی ہے، عالمی تنظیموں نے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو مثالی قرار دے دیا۔ عالمی تنظیموں کا لکھا گیا خط وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کابینہ میں پڑھ کر سنایا۔عالمی تنظیم کے خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا آسان ہو گا، کرونا کے دوران بھی شجر کاری مہم کا سلسلہ بہترین اقدام ہے۔خط میں مزید کہا گیا کہ بیروزگاری، ماحولیاتی مسائل، جنگلات کی کمی، زیر زمین پانی کی کمی جیسے مسائل حل ہو سکیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کا بلین ٹری منصوبہ کامیاب رہا۔ دریں اثناء  حکومت نے ٹائیگر فورس ڈے پر ملک بھر میں 10 لاکھ پودے لگانے کا اعلان کر دیا۔ عثمان ڈار نے کہا شہباز شریف اور بلاول بھٹو سمیت تمام اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں گرین پاکستان کے لئے پودے لگائیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم عمران خان ٹائیگر فورس سے مل کر ملک بھر میں پودے لگائیں گے، تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز بھی پودے لگا کر ملک کو سرسبز بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن