ملکی سیاست میں زرداری‘ شریف خاندان کی جگہ نہیں‘ کہاں گئی اے پی سی: شیخ رشید
لاہور (سٹاف رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملکی سیاست میں آصف زرداری اورنواز شریف کے خاندانوں کی کوئی جگہ نہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ 16 اگست سے 10 ٹرینیں کھول رہے ہیں، تمام ریل گاڑیوں کے پرانے سٹاپ ختم کرنے جا رہے ہیں۔ ریلوے کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، ایم ایل ون منصوبے کی ایکنک نے منظوری دے دی، اس کے معیشت پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے، ایم ایل ون ایشیا کا واحد منصوبہ ہے جس میں آٹو میٹک سگنل سسٹم ہوگا، 30 اگست سے پہلے ایم ایل ون کا ٹینڈر ہوجائے گا، ایم ایل ون پر تمام کاموں کو بند کردیا گیا ہے۔عثمان بزدار کی نیب میں طلبی پر شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن خوفناک جرم ہے اس کی معافی نہیں، میں نہیں سمجھتا کہ پی ٹی آئی کا کوئی وزیر کرپشن کر رہا ہے، نیب کسی کو اس لئے نہیں بلاتا کہ اسے عہدے سے ہٹایا جائے، نیب کئی لوگوں کو بلا کر چھوڑ بھی دیتا ہے، کوئی بھی آدمی شکایت دے کرت کسی کو بھی بلا سکتا ہے۔ عمران خان کو سپریم کورٹ نے دیانت دار کہا ہے تو پھر نیب انہیں کیوں بلوائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، وزیر اعظم عمران خان کو آٹے اور چینی کی قیمتوں کا پتہ ہے۔ وہ پوری کوشش کررہے ہیں کہ قیمتوں میں کمی کی جائے، اب گندم اور چینی درآمد کی جارہی ہے اور اس پر سبسڈی دی جائے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ ملکی سیاست میں آصف زرداری اور نواز شریف کے خاندانوں کی کوئی جگہ نہیں ، ان تمام افراد کے کیس بہت سنجیدہ ہے، عید سے پہلے کہا تھا کہ عید کے بعد دونوں کو بلایا جائے گا۔ کہاں گئی اپوزیشن کی اے پی سی؟ 14، 15 اگست کو محرم شروع ہوجائے گا، میں ان دنوں میں نئی ٹرینیں نہیں چلارہا اور یہ تحریک چلانے جا رہے ہیں؟ جب ان رات کو سمجھاتے ہیں تو انہیں دن میں سمجھ آجاتا ہے۔ یہ بھی وقت آنا تھا کہ کراچی کے نالے مرکز کو صاف کرنے تھے، یہ کسی بھی حکومت کے لئے اچھی بات نہیں۔وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 13سال پہلے 6فروری 2007کو اللہ کے حکم سے میں نے ایم ایل ون کے پراجیکٹ پر دستخط کئے تھے۔ 13،14سال کے بعد ایکنک سے ایم ایل ون کا پراجیکٹ منظور ہو گیا جس پر میں پوری قوم اور میڈیا کو مبارک باد پیش کرتا ہوں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون سے تقریباً2 لاکھ لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی جب ایم ایل ون بن رہا ہو گا تو ایم ایل ٹو کی بھی اْن سے بات کریں گے۔ ایم ایل ون سے جو ٹریک فارغ ہو گا اْس کو ہم ایم ایل ٹو کے ٹریک کو بہتر کرنے کے لئے استعمال کریں گے۔ ایم ایل ون ایشیاء میں سب سے پہلا پراجیکٹ ہوگا جس میں ماڈرن سگنل سسٹم ہوگا کوئی پھاٹک نہیں ہوگا اور ٹرین کی سپیڈ 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ اوربعد میں ہم اس سپیڈ کو 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک لے کر جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ 16 اگست سے مزید اپ اینڈ ڈاؤن کی10 ٹرینیں چلانے جارہے ہیں۔ جن میںپشاور سے کراچی کے درمیان چلنے والی رحمان بابا ایکسپریس، لاہور سے فیصل آباد کے درمیان چلنے والی بدر ایکسپریس کو ملتان تک توسیع دینے جارہے ہیں تاکہ فیصل آباد کے لوگوں کو سہولت دی جاسکے۔ لاہور سے کراچی کے درمیان چلنے والی فرید ایکسپریس، حولیاں سے کراچی کے درمیان چلنے والی ہزارہ ایکسپریس اور موہنجوداڑوایکسپریس کے نام شامل ہیں۔ وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ پاکستان میں ایم ایل ون کا جو انقلاب آیا ہے اس کا سہرا وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سر ہے کیونکہ چائنہ میں ہونے والی ہر میٹنگ میں انہوں نے ایم ایل ون کے پراجیکٹ کو اولیت دی ہے۔