• news

 وفاقی وزیرفیصل واوڈا کیخلاف نااہلی  کی درخواست سماعت کیلئے مقرر 

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد فیصل واوڈا کی نااہلی کے لئے دائر درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی۔ جبکہ عدالت نے فیصل واوڈا کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لئے دائر درخواست بھی سماعت کے لئے مقرر کر دی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق درخواستوں پر20اگست کو  سماعت کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرارنے باقاعدہ طور پر کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔ بیرسٹر میاں فیصل نے بیرسٹر جہانگیر خان جدون ایڈووکیٹ کے زریعہ فیصل واوڈا کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار نے درخواست میں مئوقف اختیار کیا ہے کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں اپنی  دوہری شہریت چھپائی ہے  اس پر انہیں نااہل قراردیا جائے۔ جبکہ درخواست گزار نے  یہ مئوقف بھی اختیار ہے کیا کہ فیصل واوڈا کو عدالت نے29جنوری کو دو ہفتوں میں جواب جمع کروانے کا حکم دیا  تھا جو ابھی تک جمع نہیںکروایا گیا لہذ عدالت فیصل واوڈا کے خلاف توہین عدات کی کارروائی بھی شروع کرے ۔دونوں درخواستوں پر جسٹس عامر فاروق 20اگست کو سماعت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن