• news

نااہل حکمرانوں نے  ملک آگے لے جانے کی بجائے مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا: سراج الحق 

 لاہور+ اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دوسال بعد بھی حکومتی گاڑی جہاں تھی وہیں کھڑی ہے۔نااہل حکومت نے ملک کو آگے لے جانے کی بجائے مسائل کی دلدل میںدھکیل دیا ہے۔حکمرانوں نے اپنے لیے ایسے مسائل پیدا کرلیے ہیں کہ اب انہیں عوام کی نہیں اپنی فکر پڑی ہوئی ہے۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود ان کے ایجنڈے میںنہیں۔وزیر اعظم اور موجودہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے نہ ہی ان کے پاس مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے۔ قوم چاہتی ہے کہ ملک میں آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی ہو،  عدالتوں کے دروازے سونے کی چابی سے کھلتے ہیں۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام رْل گئے ہیں، آٹا، چینی، پٹرول اور ضرورت کی دوسری چیزیں مہنگی کرکے حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ ملک میں مہنگائی کا سونامی ہے اور اس سونامی نے سب سے زیادہ عام آدمی کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔وکلاء کے نمائندے بار رومز کو ظلم اور لاقانونیت کے خلاف استعمال کریں۔ باقی ادارے کھل گئے اب حکومت کے پاس ایس اوپیز کے تحت تعلیمی اداروں کو نہ کھولنے کا کیا جواز ہے۔اسلام کی دعوت و تبلیغ کیلئے تبلیغی جماعت کے شب جمعہ پر سے بھی پابندی ختم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں اسلامک لائرز مومنٹ خیبر پی کے  ضلعی اور تحصیل بارز ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے عہدیداروں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  مشتاق احمد خان، افضل خان ایڈووکیٹ، خیبر پختونخوا بارز ایسوسی ایشنز انتخابات میں کامیاب امیدواروں سمیت ملتان کے بار الیکشن میں کامیاب ہونے والے عہدیدار بھی شریک تھے۔  سراج الحق نے کہا کہ کلبھوشن کو سہولتیں دیکر وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ ہم نے بھارت کو جھکنے پر مجبور کردیا ہے۔اب بھی مشرف دور کی طرح غلامانہ ذہنیت سے فیصلے کئے جارہے ہیں۔چوری کرکے بیرون ملک منتقل کی گئی قومی دولت واپس آجائے تو نا صرف پاکستان کے تمام قرضے اتر سکتے ہیں بلکہ عوام کو غربت مہنگائی ،بے روزگاری دلدل سے بھی نکالا جاسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن