پاکستان کا 73 واں یوم آزادی روایتی جوش وجذبے کیساتھ منایا جائے گا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )پاکستان کا 73 واں یوم آزادی 14 اگست کو پورے ملک میں روایتی و ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا، دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوگا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات ہوں گی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی ہوگی، صدر اور وزیر اعظم قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کئے جائیں گے، یوم آزادی مناتے ہوئے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا جائے گا اور بھارتی جبر غیر قانونی فوجی محاصرے، لاک ڈاون اور مظالم کی مذمت کی جائے گی ۔ ہر سال ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔ ملک کا 73 واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا کہ اس مملکت خدادا پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل پر پہنچانے کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں چھوڑا جائے گا۔اس حوالے سے ملک بھر میں ہفتہ 8 اگست سے 14 اگست تک ہفتہ تقریبات یوم آزادی منایا جائے گا مختلف تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے، قومی ائیر لائن پی آئی اے نے ہفتہ تقریبات کے دوران اپنے مسافروں کے لئے 14 فیصد خصوصی رعایتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ تقریبات کے دوران ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں مباحثوں، تقریری و کوئز مقابلوں، سیمینارز اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ تحریک آزادی کے حالات و واقعات پر لکھی گئی کتب، قومی ہیروز کے پوسٹرز، بینرز اور فن پاروں کی نمائش کے علاوہ مشاعروں کا بھی انعقاد ہوگا جس میں تحریک آزادی کے ہیروز کو سلام پیش کیا جائے گا۔