آئندہ سرما میں بھی گیس لوڈ شیڈنگ ہو گی پیداوار کم‘ طلب بڑھ رہی ہے: عمر ایوب
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ سردیوں میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ برقرار رہے گا۔ سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس ہوا جس میں صوبوں میں گیس تقسیم سے متعلق معاملہ زیر بحث رہا۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مقامی گیس پیداوار کم جب کہ طلب بڑھ رہی ہے اس لیے اگلی سردیوں میں بھی گیس لوڈشیڈنگ رہے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس کی مکمل طلب ساڑھے 7 ارب مکعب فٹ یومیہ تک ہے، مگر گیس کی قلت ساڑھے 3 ارب مکعب فٹ یومیہ ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ سندھ سے نکلنے والی گیس میں سے 1 ارب 56 کروڑ مکعب فٹ گیس یومیہ سندھ میں ہی استعمال ہوتی ہے، جب کہ سندھ کی صرف 26 کروڑ 10 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس پنجاب کو جاتی ہے لیکن اگلے سال تک سندھ کے پاس بھی کسی کو دینے کے لیے گیس نہیں ہو گی، یہاں تک کہ سندھ کی گیس کی اپنی ضرورت بھی پوری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گیس قلت سے متعلق تمام صوبوں نے مل کر فیصلہ کرنا ہے، تمام صورتحال مشترکہ مفادات کونسل میں زیر بحث آچکی ہے اور مشترکہ مفادات کونسل نے صوبوں کو گیس قلت کے مسئلے اور حل پر زور دیا ہے۔