جسٹس قاضی فائز کی اہلیہ نے ایف بی آر کے دوسرے شوکاز کا جواب بھی جمع کرا دیا
اسلام آباد (آئی این پی ) جسٹس قاضی فائز عیسی کی اہلیہ سرینا عیسی نے ایف بی آر کو دوسرے شوکاز نوٹس کا جواب بھی جمع کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی کی اہلیہ ایف بی آر حکام کے سامنے تیسری بار پیش ہوئیں اور ایف بی آر کی جانب سے بھیجے گئے دوسرے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروایا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سرینا عیسی نے اپنے جواب میں لندن میں خریدی جانے والی جائیداد کے ذرائع آمدن کی تفصیل سے وضاحت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کے ان لینڈ ریوینیو کے افسر ذوالفقاراحمد کو کیس کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، کمشنر ان لینڈ ریونیو اور انٹرنیشنل ٹیکسز زون نے جسٹس فائز عیسی کی اہلیہ کو گزشتہ ماہ نوٹس بھیجے تھے، ساتھ ہی بیٹی سحر عیسی اور بیٹے ارسلان کو بھی شوکاز نوٹس بھیجے گئے تھے۔ ذرائع کاکہنا ہے نوٹسز کے بعد سرینا عیسی نے ایف بی آر کے کمشنر انٹرنیشنل زون کو اپنا دوسرا تفصیلی تحریری جواب دے دیا ہے۔