• news

ساہیوال: اوورلوڈ بس الٹ گئی، 7 مسافر جاں بحق، 57 زخمی

ساہیوال‘ گوجرہ (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگاران) ساہیوال میں اوور لوڈ بس موڑ کاٹتے الٹ گئی، سات مسافر جاں بحق، 57 زخمی ہوگئے۔ 15 کی حالت نازک ہے۔ ناران اور بالا کوٹ میں دو گاڑیاں کھائی میں جا گریں۔ ایک خاندان کے 3 افراد سمیت 5 جاں بحق 9 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق  ساہیوال عارف والہ روڈ پر عجوہ سٹی کے قریب موڑ پر ایک تیز رفتار مسافر بس اوور لوڈنگ کے سبب الٹ گئی جس کے نتیجہ میں سات مسافر جاں بحق اور 57شدید زخمی ہو گئے۔ جن میں 15کی حالت نازک ہے۔  نیو چوہدری کمپنی کی مسافر بس 9996۔ایف ڈی پی فورٹ عباس بہاولنگر سے فیصل آباد جا رہی تھی۔ چھت پر مسافروں کی بڑی تعداد کے سوار ہونے کے سبب بس توازن برقرار نہ رکھ سکی۔ پانچ مسافر مو قع پر ہلاک ہو گئے ۔ ڈرائیور حادثہ کے بعد فرار ہوگیا۔ دریں اثناء ناران کاغان سیر کیلئے گئی گوجرہ کی فیملی حادثہ کا شکار ہو گئی۔ مدینہ ٹائون کا رہائشی کلینکل لیبارٹری کا مالک محمد عمران اپنی کار میں  فیملی کے ہمراہ ناران کاغان سیر کیلئے گیا۔ واپسی پر انکی کار گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجہ میں محمد عمران، اسکی اہلیہ رخسانہ بی بی اور بیٹا عبداللہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ بیٹی آمنہ کو شدید زخمی حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پر اسکی حا لت مخدوش بیان کی جاتی ہے۔ بالاکوٹ اے پی پی  کے مطابق بالاکوٹ سے کانشیاں جانے والی  مسافر جیپ  بٹکرڑ کے مقام پرگہری کھائی میں گرنے کے نتیجہ میں 2بچیاں  6سالہ مداء  اور 8سالہ مستحرا موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔ حادثہ میں 8افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن