• news

حکمران خیر منائیں زوال شروع ہو گیا‘ سبزباغ دکھا رہے ہیں: سراج الحق

لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت وعدوں کو بھول کرعوام کو نئے سبزباغ دکھا رہی ہے۔تعلیم اور صحت کے لیے پیسہ نہیں،چلی ہے نئے شہر بسانے۔حکومتی پالیسیوں سے عوام کا جینا محال، صنعت کار بدحال،تاجر کنگال ،کسان اورمزدور نڈھال جبکہ قوم کا بری طرح استحصال ہو چکا ،اب حکمران اپنی خیر منائیں کیوں کہ ان کا زوال شروع ہو گیا ہے۔وزیر اعظم کہتے ہیں کہ دوسال میںگندم کم پیدا ہوئی جبکہ صوبے زراعت میں خود کفیل ہونے کے اشتہارات چھپوا رہے ہیں۔ عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں میسر نہیں۔ عالمی اداروں کی رپورٹوں کے مطابق ملک کا 85فیصد پانی مضر صحت ہے۔ملک پر مجموعی قرضوں کا حجم بڑھ گیا ہے اور آئندہ بیرونی ادائیگیوں کے لیے بھی سودی قرضے لینا پڑیں گے۔حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے پاکستان تنہا ہورہا ہے اور سعودی عرب سے تعلقات بھی سرد مہری کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ معیشت کی تباہی نے ملک و قوم کو بحرانوں سے دوچار کردیا ہے۔ وزیر اعظم آئے روز مافیاز کی بات کرتے ہیں مگر مافیاز کس کی سرپرستی میں عوام کی مجبوریوں اور ملک کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں اور اس کا سدباب کس نے کرنا ہے اس پر کچھ نہیں کہتے۔حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی مالی امداد اور جلد ازجلد بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سینیٹر سراج الحق نے الخدمت فائونڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کارکنوں کو ہدایت کی کہ بلوچستان اور سندھ کے دور دراز مقامات پر پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی طر ف خصوصی توجہ دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن