• news

ایران پر اسلحہ پابندی کی مدت میں توسیع کی جائے: خلیج تعاون کونسل

تہران (انٹر نیشنل ڈیسک) داخلی تنازعات کے سبب منقسم خلیجی اقوام کے ایک چھ رکنی بلاک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران پر لگی اسلحہ پابندی کی مدت میں توسیع کی جائے۔ خلیجی عرب بلاک کی طرف سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے‘ جب اقوام متحدہ کی اس پابندی کی مدت کے ختم ہونے میں دو ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ خلیج تعاون کونسل کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھیجے گئے ایک خط میں ایران پر عائد اسلحہ پابندی کی مدت میں توسیع کی حمایت کی گئی۔ اس پابندی کی وجہ سے ایران غیرملکی ساختہ ہتھیار‘ جہاز‘ ٹینک اور دیگر سامان حرب نہیں خرید سکتا۔ بحرین‘ کویت‘ عمان‘ قطر‘ سعودی اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل جی سی سی‘ گلف کوآپریشن کونسل کی طرف سے تہران پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ خطے میں اور پڑوسی ممالک کے ساتھ مسلح مداخلتوں سے باز نہیں آ رہا۔

ای پیپر-دی نیشن