• news

سرگودھا: دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر پہلی بیوی کو ذبح کر ڈالا

سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا شہر کے گنجان آباد علاقہ میں سولہ سال سے شادی شدہ خاتون کو دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر شوہر نے گلا کاٹ کر قتل کر دیا اور آلہ قتل جائے واردات پر چھوڑ کر گھر سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقتولہ کی نعش تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر کے بھائی کی مدعیت میں شوہر کے خلاف مقدمہ قتل درج کر لیا۔ سرگودھا شہر کے علاقہ ممتاز کالونی بلاک 16 کے جاوید اقبال کی شادی 15/16 سال قبل سلانوالی کے چک 126 شمالی کے خالد محمود کی ہمشیرہ خالدہ بی بی سے ہوئی تو تین بچوں کی پیدائش کے بعد میاں بیوی میں جھگڑا رہنے لگا اور چند روز قبل شوہر کی دوسری شادی کی خواہش کا علم ہونے پر شوہر کو تین بچوں کے باپ ہوتے ہوئے دوسری شادی کی خواہش رکھنے کا طعنہ دیا جو اس کے شوہر جاوید اقبال کو برداشت نہ ہوا اور اکثر لڑائی جھگڑا رہنے لگا۔ اسی بات پر تو تکرار ہوئی تو صبع سویرے جاوید اقبال نے چھری سے بیوی کا گلا کاٹ دیا اور آلہ قتل جائے واردات پر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ شوہر کے ہاتھوں ذبح ہونے والی خالدہ بی بی تڑپتے ہوئے موقع پر دم توڑ گئی۔ تھانہ سٹی نے مقتولہ کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر کے اس کے بھائی خالد محمود کی مدعیت میں مقتولہ کے شوہر جاوید اقبال کے خلاف زیر دفعہ 302 ت پ مقدمہ قتل درج کر لیا جبکہ مقتولہ کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن