نیب دفتر کے باہر ہنگامہ کرنیوالوں کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا: عثمان بزدار
اسلام آباد + لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نیوز رپورٹر) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق ملاقات میں صوبے سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نیب کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ا جازت نہیں دی جا سکتی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گااورہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔عثمان بزدارنے موسم برسات میں بارشوں کے پیش نظر واساز اور انتظامیہ کو 24/7الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ موسم کی صورتحال کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جائے۔ شہروں میں نکاسی آب کے لیے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش کی صورت میں پانی کا نکاس کم سے کم وقت میں کیا جائے ۔ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کی قیادت میں ضلع راولپنڈی کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی،جس میں سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی کاموں اور فلاح عامہ کے منصوبوں پرپیشرفت سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔ ترقی کے مخالفین کی ہر سازش پہلے بھی ناکام ہوئی آئندہ بھی ناکا م رہے گی۔ پراپیگنڈہ کرنے والوں کی منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیتے رہیں گے ۔ تنقیدبرائے تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔ عثمان بزدار نے اپنے کیمرہ مین عبدالسلام کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہے کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔