جاتی عمرہ میں 25ہزار فی کارکن ، مریم کی گاڑی پر حملہ کرنیوالے کو ایک لاکھ ملے، فیاض چوہان: پتھر بھی خود لائے، راجہ بشارت
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا اصل چہرہ میڈیا نے بے نقاب کیا ہے اور لیگی کارکنوں نے سپریم کورٹ پر حملے کی یاد تازہ کردی۔ جو لوگ غیر قانونی طورپر اکٹھے ہوئے ان کے خلاف کارروائی ہوگی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا مگر وہ ریلی کی شکل میں آئیں۔ ن لیگ اداروں پر دباؤ ڈالنے کیلئے ہر حد تک جاسکتی ہے۔ مریم نواز کی سکیورٹی والی گاڑیوں پر پتھر لائے گئے۔ کچھ گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹس لگی تھیں۔ راجہ بشارت نے کہا کہ مریم نواز نے عدالتی رعایت کا غلط استعمال کیا۔ مریم نواز شریف کی پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کا پنجاب حکومت نے نوٹس لے لیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے ساتھ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے سارے کھیل کا ’’ماسٹر مائنڈ‘‘ مریم نواز شریف کو قرار دیدیا ہے۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی نیب پیشی پر پنجاب بھر سے کارکنوں کو ساتھ لانا ایک سوچی سمجھی سکیم ہے۔ (ن) لیگ کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ جب ان کا احتساب ہوا، انہوں نے واویلا مچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ، نیب اور دیگر اداروں کے خلاف زہر اگلنے کی حد پہلے ہی پار کر چکی تھی۔ آج نیب کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے پتھراؤ بھی کر ڈالا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ان تمام گاڑیوں کی فوٹیجز موجود ہیں، جن سے پتھراؤ ہوا۔ ہم نے محکمہ ایکسائز سے ان گاڑیوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ پتھراؤ کرنے والی گاڑیوں اور افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کسی کی جاگیر نہیں کہ کوئی بھی اٹھے اور یہاں دہشت پھیلانا شروع کر دے۔ عدالتوں میں قافلوں کی صورت میں آنا اور اپنے جرائم پر غرور کرنا (ن) لیگ کی سیاست کا حصہ ہے۔ پنجاب حکومت کسی صورت یہ برداشت نہیں کرے گی کہ شہر میں سرکاری یا نجی املاک کو مجرموں کی وجہ سے نقصان پہنچے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سب کچھ کیمرے کی آنکھ نے دیکھا۔ گزشتہ رات جاتی امرا میں دس لاکھ روپے کارکنوں میں تقسیم کیے گئے۔ پتھر مارنے والے فی کس کارکن کو پچیس ہزار جبکہ مریم نواز کی گاڑی پر پتھر مارنے والے کو ایک لاکھ دیا گیا۔ آٹھ دن کی پلاننگ کے بعد بندے اکٹھے کیے گئے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نواز چاہتی ہیں کہ ان کی تو سیاست ختم ہو گئی، اب چچا شہباز اور کزن حمزہ کی بھی ہو۔ انہوں نے ریاست اور (ن) لیگ کا سرشرم سے جھکا دیا ہے۔ دنیا میں اگر کوئی اور ہوتا تو شرم سے پریس کانفرنس نہ کرتا۔انہوں نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کہتی ہیں کہ نقشہ بنانے سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا، تو کیا کشمیر پاکستان کا حصہ مودی کی اماں کو ساڑھیاں بھیجنے سے بنے گا؟۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم صاحبہ! آپ کے ابا جی نے بھارت جا کر حریت رہنماؤں سے ملاقات نہ کرکے پاکستان کے سینے میں خنجر گھونپا۔ سر سے پاؤں تک کرپشن، بدیانتی اور لوٹ مار کرنے والی ہمیں کشمیر پالیسی بتائیں گی؟۔ راجہ بشارت نے کہا کہ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ مریم نواز اکیلی پیش ہوتیں تو ایسی صورتحال پیش نہ آتی۔ مریم نواز کو کرپشن کا حساب دینے کیلئے بلایا گیا تھا۔ ن لیگی کارکنوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش کیا جائیگا۔ فیاض چوہان نے کہا کہ بیگم صفدر نے اپنے چچا اور حمزہ شہباز کی سیاست پر خود کش حملہ کیا۔ مریم نواز نے چچا سے کہا کھیلوں گی نہ کھیلنے دوں گی۔ مریم نواز نے والد کی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے نیب پر حملہ کیا۔ مریم نواز کے منفی طرزعمل سے آل شریف اس نہج تک پہنچ چکی ہے۔