اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا،6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا
اسلام آباد (این این آئی)مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس (آج) بدھ کو ہوگا،ای سی سی میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا ۔ ایجنڈے کے مطابق پی آئی اے روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کی مالی مشکلات سے متعلق سمری پر غور ہوگا ، گزشتہ 20 سال سے منافع کمانے والا روزویلٹ ہوٹل کو اس سال اچانک مالی خسارے کا سامنا ،پائیدار ترقی کے پروگرام کے فنڈز کے عدم استعمال پر منسوخی کی دوبارہ منظوری کی سمری پر غور ہوگا، ایجنڈا کے مطابق سارک کووڈ 19ایمرجنسی فنڈ کیلئے 3ملین ڈالر اضافی فنڈز کی فراہمی پر غور ہوگا، وزارت خارجہ نے سارک کووڈ 19ایمرجنسی فنڈ کی سمری بھجوائی ہے ، وزارت تجارت کی درآمدی پالیسی 2016 میں ترمیم کی سمری بھی زیر غور آئیگی ، ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے پاکستان کے آف شور روپیہ بانڈز جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی ، سیاحت سے منسلک کاروباری اداروں کی سالانہ لائسنس فیس معاف کرنے کی منظوری دی جائیگی ۔