وفاقی نظامت تعلیمات میں اصلاحات کیلئے حکمت عملی تیار
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)وفاقی نظامت تعلیمات میں اصلاحات کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ، اصلاحات کے لیے ایریا ایجوکیشن آفیسرز کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ اصلاحا ت کے زریعے سے طلبا اور اساتذہ کی تربیت اور ان کی استعداد کار میں اضا فہ کیا جائے گا۔ذرائع سے ’’نوائے وقت‘‘کے پاس دستیاب دستاویز کے مطابق اصلاحات کے لیے ایر ایجوکیشن آفیسرز کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ اصلاحا ت کے زریعے سے طلبا اور اساتذہ کی تربیت اور ان کی استعداد کار میں اضا فہ کیا جائے گا ،دستاویز کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں انٹر ہائوس مقابلہ جات ہوں گے،سٹوڈنٹس کونسل کے انتخابات باقاعدگی سے ہوں گے،تمام تقاریب اور انتخابات کی ذمہ داریاں سٹوڈنٹس کو نسل کو دی جائیں گی،اسی طرح سے بچوں کو ان کے مسقبل سے متعلق فنی مہارت کی تربیت دی جائے گی ،اردو اور انگریزی میں بچوں کو بولنے کی تربیت کے لیے اداروں کی سطح پر تقاریر ،مباحثے کرانے کے لیے کلبز کی تشکیل لازمی ہو گی جو سالانہ ،ماہانہ اور ہفتہ وارسرگرمیاں تشکیل دیں گے جس میں تقاریر ،ڈرامہ نویسی ،مضمون نویسی،اداکاری کے مقابلے شامل ہوں گے۔اداروں کی سطح پر ایک سالانہ میگزین نکالا جائے گا۔دستاویز کے مطابق بچوں کو عوام کے سامنے بولنے کی تربیت دینے کے لیے ہر کالج میں ڈیبیٹنگ کلب بنائے جائیں گے جن کے تحت پہلے مرحلے میں اداروں کے اندر اور دوسرے مرحلے میں ایف ڈی ای کی سطح پر تقاریر و مباحثوں کے مقابلے ہوں گے،ماحولیات سے متعلق آگاہی کے لیے ہر سال ہر جماعت کے پہلے تین پوزیشنز حاصل کر نے والے طلبا و طالبات کے نا م سے سکول کے احاطے میں درخت لگائے جائیں گے جبکہ ادارے سے فارغ التحصیل ہو نے والے طلبا بھی سکول کے اندر شجرکاری کریں گے جس پر انہیں خصوصی سرٹیفیکیٹس دیئے جائیں گے۔دستاویز کے مطابق بارہویں جماعت کے پاس ہو نے والے طلبا کے لیے تمام کالجزکے پرنسپلز حضرات کوچنگ کلاسز کا اہتمام کریں گے جس میں انہیں میڈیکل اور انجنئیرنگ اور میڈیکل کے انٹری ٹیسٹ،این ٹی ایس کے امتحانات،لاء ایڈمیشن ٹیسٹ،ایس اے ٹی ٹیسٹ،آئیلٹس اور ٹوفل کی تیاری کرائی جائے گی،اصلاحات میں طلبا کو ملازمتوں کے حوالے سے بھی تیار کیا جائے گا اسی طرح سے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اکیڈیمک ایڈوائزری کونسل قائم کی جائے گی جبکہ اس کے علاوہ سیمنارز اور ویبنارز اور آن لائن ٹریننگ کے زریعے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافی کیا جائے گا،دستاویز کے مطابق تمام اداروں ٰریٹائرڈ ہو نے والے ملازمین کے لیے الوداعی پارٹی کا اہتما م کیا جائے گا ، ملازمین کے پینشن کے مسائل کو حل کیا جائے گا کسی ملازم کی موت کی صورت میں ادارے کے ملازمین کی مناسب تعداد ان کے جنازے میں شرکت کرے گی،اسی طرح سے ہر ادارے میں ٹیچرسہولت سنٹر قائم کیا جائے گا جو ملازمین کے میڈیکل بلز،جی پی فنڈایڈوانس،بینوویلنٹ فنڈ،چھٹی کے کیسز،پنشن اور ہائیرنگ کے مسائل کو حل کر ے گا،اس حوالے سے ایریا ایجوکیشن آفیسز کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اس اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور اس کی رپورٹ تیار کر کے ایف ڈی ای کو دیں گے۔