• news

حکومت بارش‘ سیلاب‘ متاثرین کی فوری مالی مدد کرے: طاہر القادری 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کی بحالی کیلئے ریاستی سطح پر بھر پور مدد ہونی چاہیے۔مرکزی اور صوبائی حکومتیں تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کریں۔کراچی،بلوچستان اور پنجاب کے کئی اضلاع اور تحصیلوں میں صورتحال تشویشناک نظر آ رہی ہے۔متعلقہ اضلاع کی ایڈمنسٹریشن متاثرین کی مدد اور دیکھ بھال کرے۔بارشوں اور سیلابی ریلے سے جن غریب شہریوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہوئی ہیں حکومت انکی فوری اور براہ راست مالی مدد کرے۔متاثرین کی مدد کیلئے خصوصی فنڈز قائم کئے جانے چاہئیں۔ریاست مدینہ کے نظم و نسق کا پہلا اصول بھی یہی ہے کہ کسی کمزور کو کبھی تنہا نہ چھوڑا جائے انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو بھی ہدایات جاری کیں کہ  ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن