فیروز والا: منڈھیالی کے قریب پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار
فیروزوالہ (نامہ نگار) لاہور روڈ کی آبادی منڈھیالی کے قریب علی الصبح مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ منڈھیالی کے قریب ڈاکو ناکہ لگا کر راہگیروں کو لوٹ رہے تھے۔ ڈاکوئوںنے قاسم سے موٹر سائیکل نقدی اور موبائل چھین لیا، جس کی اطلاع پولیس کی موبائل ٹیم کو ملی، جس نے شہریوں کی مدد سے ڈاکوئوں کا تعاقب کیا اس دوران دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈاکو کی فائرنگ سے اس کا ساتھی یوسف ہلاک جبکہ دوسرا ڈاکو بابر زخمی ہوگیا۔ جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ دونوں ڈاکوئوں کا تعلق جوئیاں والا سے بتایا گیا ہے۔ فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ مرنے والے ڈاکو کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال بھجوا دی۔