• news

شیخ رشید سے ایرانی سفیر کی ملاقات‘ باہمی ریل منصوبوں میں تیزی کیلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد (آن لائن) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان ریل کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک ایران تعلقات اور شراکت داری کے منصوبوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ اکنامک کوآرڈینیشن آرگنائزیشن (ای سی او) کے تحت پاکستان-ایران-ترکی فریٹ ٹرین کے حوالے سے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ریلوے اورایران ریل کے درمیان شراکت داری کے باہمی منصوبوں میں تیزی لانے کے لئے چیئرمین ریلوے کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔ ایرانی سفیر نے شیخ رشید احمد کو ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد اسلامی کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا جبکہ یوم آزادی پاکستان پر وزیر ریلوے کو پیشگی مبارکباد دی۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ، تافتان ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہونگے۔ پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمدورفت اور تجارت میں اضافہ ہو گا۔ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کا انقلاب آئیگا۔

ای پیپر-دی نیشن