سونا مزید 6 ہزار روپے سستا ایک لاکھ 20 ہزار روپے تولہ ہوگیا
لاہور (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں قیمت کم ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونا مزید سستا ہو گیا ہے اور ایک تولہ سونے کی قیمت چھ ہزار ایک سو روپے کم ہو گئی۔ 3 دن میں ایک تولہ سونا 12 ہزار روپے سستا ہو گیا۔ سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔ جیولرز کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت مزید چھ ہزار ایک سو روپے کی کمی سے ایک لاکھ بیس ہزار روپے رہ گئی دس گرام سونا پانچ ہزار دو سو انتیس روپے کی کمی سے ایک لاکھ دو ہزار آٹھ سو اکیاسی روپے کا ہو گیا۔ جبکہ 22 کیرٹ سونے کی قیمت چورانوے ہزار تین سو سات روپے فی دس گرام ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت پچپن ڈالر کی کمی سے ایک ہزار نو تینتیس ڈالر رہ گئی۔ تین دن کے دوران عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 121 ڈالر کی کمی رکارڈ کی گئی۔ جبکہ پاکستان میں فی تولہ قیمت 12 ہزار روپے کم ہوئی۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی طرف سے پرافٹ ٹیکنگ اور ڈالر کی قیمت میں استحکام کے باعث سونا سستا ہو رہا ہے۔