• news

کراچی ریلی بم حملہ کے مجرموں کا گرفتار نہ ہونا سندھ حکومت کی نااہلی ہے: سراج الحق

اسلام آباد، لاہور (وقائع نگار خصوصی+خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی میں کشمیر ریلی پر بم حملہ کے مجرموں کا ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود گرفتار نہ ہونا سندھ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی کے وفاقی وزراء کہتے تھے کہ جس جرم کے مجرم گرفتار نہ ہوں حکمران اس کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ کشمیری رہنما اسلام آباد کے رویہ سے ناخوش اور سمجھتے ہیں کہ پاکستانی حکمرانوں نے کشمیر نئی دہلی کو پلیٹ میں رکھ کر پیش کردیا ہے۔ بی آر ٹی نامکمل، وزیر اعظم کے افتتاح کے شوق کو پورا کیا جارہا ہے۔ لگتا ہے کہ حکمرانوں کو اپنی مدت پوری نہ ہونے کا یقین ہوچکا ہے اس لیے وہ عجلت اور افراتفری میں ہر قدم اٹھا رہے ہیں۔ حکومت کا عوام کیساتھ رویہ ناقابل فہم ہے۔ خریف سیزن میں پانی کی شدید کمی کا خدشہ ہے۔ کسان کو برباد کرنے کا اعتراف حکومتی وزیر خود کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بلوچستان سمیت ملک میں تخریب کاری کے واقعات ہورہے ہیں اور دوسری طرف حکومت کلبھوشن کو رہا کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ ہم نے پانامہ کے دیگر 436 ملزموں کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کر رکھی ہے مگر آج تک انہیں سپریم کورٹ نے بلایا نہ نیب نے طلبی کا کوئی سمن جاری کیا۔ دریں اثناء سراج الحق نے سابق صدر محمد رفیق تارڑ کو ٹیلی فون کر کے ان کی اہلیہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے مرحومہ کی مغفرت اور خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن