باٹا پور: مبینہ پولیس مقابلہ، کانسٹیبل کے قتل میں ملوث ڈاکو ہلاک
لاہور (نامہ نگار) باٹا پور کے علاقے بھسین گاؤں میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ڈاکو اعظم چند روز قبل منڈی فیض آباد میں پولیس کانسٹیبل اشرف کو شہید کرنے کے واقعہ میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف (اے وی ایل ایس) صدر کے ڈی ایس پی محمد علی بٹ اور ان کی ٹیم نے ڈاکوئوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر گرفتاری کیلئے باٹا پور بھسین گاؤں میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ آدھا گھنٹہ فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ڈاکو کی شناخت اعظم کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک ڈاکو پولیس کو متعدد سنگین وارداتوں میں بھی مطلوب تھا۔