• news

پھول نگر: سفاک خاوند کے تشدد کا شکارخاتون 2ماہ بعد چل بسی

پھول نگر (نامہ نگار) سفاک خاوند کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے والی حوا کی بیٹی اورتین کمسن بیٹوں کی ماں زندگی کی بازی ہار گئی۔بد نصیب بہن کا بھائی دو ماہ تک پولیس اور انسانی حقوق کی نام نہاد این جی اوز کے دفاتر کے پاس انصاف کے حصول کیلئے دھکے کھاتا رہا مگر ظالم پولیس نے مقدمہ درج نہ کیا اور نہ ہی کسی این جی او نے نوٹس لیا۔ تفصیلات کے مطابق پھول نگر کے محلہ انور ٹاون کی رہائشی عاصمہ نور کی شادی چند سال قبل لاہور بادامی باغ کے رہائشی نور احمد کے ساتھ ہوئی اور اسکے بطن سے تین بیٹے پیدا ہوئے۔ مورخہ 21جون کو جھگڑا طول پکڑ گیا اور خاوند نے اپنی بیوی کی گردن مروڑ کر قتل کرنے کی کوشش کی۔ بیچ بچاؤ کرانے سے اس کی جان تو بچ گئی مگر اس کی گردن کا منکا ٹوٹ گیا۔جسے علاج کیلئے فوری طور پر جنرل ہسپتال لاہور داخل کرایا گیا۔ بالآخر گزشتہ روز ڈاکٹروں نے اس کی زندگی سے مایوس ہو کر ہسپتال سے خارج کر دیا اور اس کے لواحقین زندہ نعش کو اپنے گھر پھول نگر لے آئے جہاں گزشتہ روز وہ دم توڑ گئی۔پولیس، این جی اوز سے مایوس مقتولہ کے بھائی کی سنی گئی، ایڈووکیٹ علی احمد ڈوگرنے عدالت سے رجوع کرکے اس کے میڈیکل کی اجازت لی اور اب اس کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کر دی گئی ہے۔ متوفی کے لواحقین نے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور آئی جی پولیس سے خاوند پر قتل کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن