4خودکشیاں: حافظ آباد میں گھریلو جھگڑے پرخاتون نے تیزاب پی لیا
ساہیوال، حافظ آباد، بوریوالا(نمائندگان نوائے وقت) گھریلو جھگڑوں پر ساہیوال 2 نوجوان، حافظ آباد خاتون، بوریوالا میں ایک شخص نے خودکشی کر لی، تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے نواح میں گھریلو تنازعہ پر دو نوجوانوں نے زہر پی کر خود کشی کر لی۔ چک51۔بارہ۔ایل میں محمد شفیق کے 25سالہ بیٹے آصف نے گھریلو تنازعہ پر کالا پتھر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ اسلام پورہ محلہ بورے والا سے مہمان آئے ذوالفقار کے31سالہ بیٹے افتخار احمد نے گھریلو تنازعہ پر زہر پی کر خود کشی کر لی۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نواحی گائوں پاپا نگری میں شادی شدہ خاتون نے مبینہ طور پر تیزاب پی کر خودکشی کر لی۔ 24سالہ عطیہ بی بی زوجہ ندیم عباس کا گھر میں جھگڑا ہواجس پر اس نے مشتعل ہوکر تیزاب پی لیا اور وہ دم توڑ گئی۔ بورے والا کے مطابق افتخار سکنہ 261 ای بی نے گھریلو تنا زعات کے باعث زہریلی دوا کھا لی جس پر اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن دم توڑ گیا۔