آرمی چیف پرسوں سعودی عرب جائیں گے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 16 اگست کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس میں کشمیر اور معاشی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے غیرملکی خبرایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ ہے جس میں بنیادی طور پر فوجی امور پر بات چیت کی جائے گی۔ علاوہ ازیں میڈیا کو بریفنگ میں بھی ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ آرمی چیف 16اگست کو سعودی عرب جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کی عوام کو سعودی عرب سے تعلقات پر فخر ہے۔ سعودی عرب سے تعلقات بہترین ہیں اور رہیں گے۔ آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب پہلے سے شیڈول تھا۔