کنٹرول لائن پر فائرنگ‘ ماں بیٹی زخمی‘ بھارتی سفارتکار کی طلبی
تتہ پانی (نامہ نگار) لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی گوئی سیکٹر میں واقع گائوں بٹالی میں گھر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ماں بیٹی شدید زخمی، جبکہ کمسن بچے سمیت دیگر افراد محفوظ رہے۔ زخمی ماں بیٹی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی پہنچایا گیا۔ اہل خانہ شدید گرمی میں بجلی کی بندش کے باعث گھر کے صحن میں سو رہے تھے کہ بھارتی فوج نے ٹارگٹ فائرنگ کرکے نشانہ بنایا۔ زخمیوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے کے سلسلہ میں ایمولینس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ورثاء کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ بھارتی فوج نے محمد رفیق چوہدری کے گھر کو ٹارگٹ فائرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میںشدید گرمی میں بجلی کی بندش کے باعث گھر کے صحن میں سوئی انکی اہلیہ شکیلہ بی بی اور 10سالہ بیٹی عائشہ رفیق زد میں آکر شدید زخمی ہوئیں۔ اہلیہ کی دونوں ٹانگیں جبکہ بیٹی کی ایک ٹانگ فریکچر ہوگئیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں کہا 12اگست کو کنٹرول لائن پر فائرنگ سے 2شہریوں کے زخمی ہونے پر بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔