یوم آزادی آج‘ اتحاد‘ ایمان‘ تنظیم پر عمل ہر چیلنج میں ثابت قدم رہیں گے صدر‘ وزیراعظم گورنر‘ وزیراعلیٰ کا پیغام
اسلام آباد‘ لاہور(سپیشل رپورٹ‘ وقائع نگارخصوصی‘ نیوز رپورٹر)پاکستان کا 73واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ لاہور سمیت ملک بھر میں یوم آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔سرکاری اور نجی دفاتر کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ آج پنجاب اسمبلی میں جشن آزادی کے حوالے سے بھرپور تقریب ہوگی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں اس جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس میں ہمارے بزرگوں نے بے مثال اور لازوال قربانیاں دیں، قائداعظم محمد علی جناح کی فعال قیادت میں پاکستان قربانیوں کے بعد حاصل کیا، آج کے دن ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کے بنانے والوں کے نظریہ ،اصولوں اور آئیڈیاز سے اپنے آپ کو از سر نو وابستہ کریں گے اور اس راستے پر چلیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں پوری قوم کو 74ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتا ہوں یہ پر مسرت موقع بابائے قوم کے عظیم وژنپر عمل پیرا ہونے کے عہد کا اعادہ کرنیکا دن ہے۔ یہ دھرتی کے ان بیٹوںکو خراج عقیدت پیش کرنیکا دن ہے جنہوں نے مادر وطن کی زمینی اور نظریاتی سرھدوںکی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہم آج پھر سے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اتحاد‘ ایمان‘ تنظیم کے سنہری اصولوں پر گامزن ہو کر ہم ہر چیلنج کے مقابلے کے لئے ثابت قدم رہیں گے۔عثمان بزدار نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا انعام اور نعمت ہے۔قائداعظم نے مسلمانان برصغیر کو الگ وطن کا تحفہ دے کر احسان کیا۔دنیا بھر میں پاکستان جیسا عالیشان کوئی ملک نہیں۔ہمیں آزاد وطن کی قدر و منزلت کو پہچاننا ہوگا۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد یتے ہوئے کہا ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق پاکستان کومضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔پاکستان کا یہ یوم آزادی کشمیر کی آزادی کے ساتھ منسوب کیا جاتا ہے۔پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ عنقریب اللہ کے فضل و کرم سے فتح اور آزادی ان کے نصیب میں لکھی جارہی ہے۔