• news

اداکار کی موت پر ہنگامہ ، ستارا ضلع میں 20 کسانوں کی خودکشی پر نہیں، شردپوار 

اسلام آباد ( عبداللہ شاد - خبر نگار خصوصی) بھارتی میڈیا میں تاحال اداکار ششانت سنگھ راجپوت کی خودکشی پر ہنگامہ برپاہے، نت نئی افسانہ طرازیاں جاری ہیں اور اس کے مختلف پہلوئوں کو لے کر گھنٹوں بحث ہوتی رہی ہے، اسی بابت این سی پی کے سربراہ شردپوار نے کہا ہے کہ جس طرح اس واقعے کو میڈیا میں توجہ دی جا رہی ہے، وہ قابل تعجب ہے، دو دن میں ستارا ضلع ( مہاراشٹر) میں 20 کسانوں نے اجتماعی خودکشی کر لی لیکن بھارتی میڈیا میں ایک لمحے کیلئے اس کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ دنیا میں سالانہ 8 لاکھ افراد خودکشی کرتے ہیں جن میں سے 135,000 افراد صرف بھارت سے تعلق رکھتے ہیں، یعنی دنیا کے تمام خودکشی کرنے والے افراد کا 17 فیصد بھارتی ہوتے ہیں۔ ہندوستان کے سرکاری ادارے ’’ نیشنل کرائمز ریکارڈ بیورو ’’ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران ’’ 1,33,623 ‘‘ افراد نے خود کشی کی ۔ ظاہر سی بات ہے کہ محض ایک برس کے اندر اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا خود اپنے ہاتھوں اپنی جان لے لینا ایسی بات نہیں جسے سرسری کہہ کر نظر انداز کیا جا سکے ۔ ،بھارت میں ایک سال میں خود کشی کرنے والوںمیں خواتین کی تعداد 42088 ہے ۔ اٹھارہ سال سے ساٹھ سال کی عمر کے 79834 مردوں نے جبکہ اسی ایج گروپ کی 34381 خواتین نے خود کشی کی ۔ اس کے علاوہ اٹھارہ سال سے کم عمر 9408 لڑکے لڑکیوں نے اپنے ہاتھوں موت کو گلے لگایا ۔ یہ اپنے آپ میں اتنا بڑا انسانی المیہ ہے جس پر نہ تو خود بھارت کے اندر خاطر خواہ ڈھنگ سے توجہ دی جا رہی ہے اور نہ ہی عالمی رائے عامہ اس طرح سے اس جانب کان دھر رہی ہے جو اس صورتحال کی متقاضی ہے ۔ خود بھارتی ادارے ’’ نیشنل کرائمز ریکارڈ بیورو ‘‘ کے مطابق گذشتہ 15 سالوں میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد کسان خودکشیاں کر چکے ہیں ۔ 

ای پیپر-دی نیشن