قومی مفادات کے راستے میں کسی سیاسی مخالفت یا تقسیم کو حائل نہیں ہونے دیں گے ، شبلی فراز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ جہاں تک ہمارے قومی مفادات کا تعلق ہے تو ہم اس کے راستے میں کسی سیاسی مخالفت یا سیاسی تقسیم کو حائل نہیں ہونے دیں گے بلکہ جو پاکستان کے لئے بہتر ہو ہم وہی فیصلے کریں گے۔ ملک کو آج جتنے بھی چیلنجز درپیش ہیں اس کی وجہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں جنہوں نے ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی اور ملک و قوم کو اس نہج پر پہنچایا ۔ہماری حکومت احتساب کے عمل کو جاری اور ساری رکھے گی اور قانون کی بالادستی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ موجودہ حکومت عمران خان کی دینانتدار قیادت میں معاشی اور سماجی تبدیلیوں کے لئے مخلصانہ کوشش میں مصروف عمل ہے۔پاکستان کا قیام ہم پر ہمارے بزرگوںکا ایک احسان ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک مظبوط اور خوشحال پاکستان اپنی آئندہ نسل کے لئے چھوڑ کر جائیں،ہم یہ فرض اپنے بچوں کے لئے ضرور نبھائیں گے اور ملک کو کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کر کے رہیں گے۔قائد اعظم محمد علی جناح نے جس خواب کی تعبیر کو حقیقت میں بدلا اس کی سچائی آج پوری طرح عیاں ہے کہ مودی سرکار کس طرح بھارت کے اندر رہنے والی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ظلم اور جبر کر رہی ہے اور کشمیر کی وادی کو پانچ اگست2019کے بعد عملاً جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سید شبلی فراز نے قیام پاکستان کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لئے وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کی جانب سے منعقدہ تین روزہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔