چترال: بالکنی گرنے سے پی ٹی آئی قصور کے سیکرٹری سمیت پانچ جاں بحق
قصور (نمائندہ نوائے وقت) پی ٹی آئی قصور کے جنرل سیکرٹری وسابق ناظم اور سینئر صحافی چوہدری عمران زیب کمبوہ‘ معروف تاجر اعجاز، ایک بچی اور دوخواتین چترال میں ہوٹل کی بالکنی ٹوٹنے سے گر کر جاں بحق ہو گئے۔ علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی۔ قصور کے سینئر صحافی، سابق ناظم اور پی ٹی آئی قصور کے جنرل سیکرٹری چوہدری عمران زیب فیملی کے ساتھ چترال میں سیر کے لئے گئے۔ ہوٹل کی بالکنی میں کھڑے تھے جو اچانک نیچے گر گئی جس کے نتیجہ میں بچوں سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لئے چترال ہسپتال لیجایا گیا۔ تاہم چوہدری عمران زیب کمبوہ ہم زلف معروف کپڑے کا تاجر چوہدری اعجاز کمبوہ، اسکی بیوی راشدہ اعجاز اور سالی فاخرہ بی بی اور فاخرہ بی بی کی کم سن بیٹی دم توڑ گئے۔ دیگر 7 زخمیوں کو بذریعہ ائر ایمبولینس پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل نہ کیا جا سکا۔ دو زخمی سیریس حالت میں ہیں۔