• news

کراچی وفاق کے حوالے کرنیکا خیال دماغ سے نکال دیں، سپریم کورٹ کو صحیح طرح اقدامات بتا نہیں سکے: مراد شاہ

سیہون(نوائے وقت رپورٹ‘ صباح نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا خیال دماغ سے نکال دیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال کے ہمراہ سیہون کے شہر جوہی پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نے سیلابی پانی سے متاثرہ جوہی، واھی پاندھی روڈ اور ایف پی بند کا معائنہ کیا۔مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی بند میں 8مقامات پر شگاف پڑے، قمبر شہداد کوٹ سے منچھر جھیل تک بارشوں سے کافی نقصان ہوا، متاثرین کی رہائش کیلئے چار ہزار ٹینٹس کی ضرورت ہے جن میں سے 33 سو ٹینٹ تیار ہوچکے ہیں، جوہی کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئین میں کہیں گنجائش نہیں کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے، اگر کسی کے دماغ میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی ہوا بھری ہے تو وہ دماغ سے نکال دے، اگر کوئی ایسا ایکشن لیا بھی گیا تو سندھ کے عوام اس فیصلے کے خلاف جائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ  نے کہا ہے کہ ہم شاید سپریم کورٹ کو اپنے اقدامات کے حوالے سے صحیح طرح نہیں بتا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ نے کرونا سے متعلق پورے ملک کی رہنمائی کی ہے،سندھ میں ٹیسٹنگ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ ہیں، لیکن کرونا ابھی ختم نہیں ہوا، ہمیں احتیاط کرنی ہے۔ 2009میں 125ملی میٹر بارش ہوئی تو شارع فیصل پر 3 دن پانی تھا، اس مرتبہ بارش کا پانی 4گھنٹے بھی نہیں رکا۔انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں ویسٹ مینجمنٹ کام نہیں کر رہا، ضلع وسطی میں ڈی ایم سی خود صفائی کرتی ہے۔کراچی کے نالوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم 38نالوں کا سروے کر کے صفائی کر رہے ہیں، نالے صاف ہو جائیں گے تو مسائل حل ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن