• news

پاکستان جموں و کشمیر کے بغیر نامکمل، دشمن کیخلاف جارحانہ پالیسی اختیار کرنا ہو گی: صدر، وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد، مظفرآباد(آئی این پی، اے پی پی ) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان  نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان جموں وکشمیرکے بغیر نامکمل ہے، پاکستان کا شاندار مستقبل ہے، مایوسی پھیلانے والے کو شکست ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان بننا کسی معجزے سے کم نہ تھا پاکستان کے خلاف شروع سے سازشیں ہو رہی تھی جبکہ پاکستان کواغیار کی طرف سے بھی مشکلات کا سامنا رہا اور اپنی صفوں میں عناصرسے بھی مشکلات تھیں۔ صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کیخلاف 6 جنگیں لڑی گئی، اس کے باوجود مزید استحکام آیا، پاکستان کا شاندار مستقبل ہے، مایوسی پھیلانے والے کو شکست ہوگی، پاکستان کو روشن مستقبل کیلئے نئے عزم اورولولے کی ضرورت ہے۔  سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرسمیت دنیابھرمیں کشمیری جشن آزادی منارہے ہیں، ریاست پاکستان جموں وکشمیرکے بغیر نامکمل ہے، نئے قومی نقشے نے1947والی ریاست کی عکاسی کی ہے، نئے قومی نقشے میں ایک حصہ ایسا ہے جو ہمارے جسم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جسم پر دہشت گردی ہورہی ہے، ہندوستان ظلم ڈھارہا ہے، اب ہمیں دشمن کے مقابلے میں جارحانہ پالیسی اختیار کرنا ہوگی، غفلت برتی تومقبوضہ کشمیر کیلئے جدوجہدکوناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ اب پورے ولولے کیساتھ آزادی کی جدوجہد میں شامل ہونا پڑے گا، ہندوستان نے دنیا کو گمراہ کرنیکی کوشش کی، پاکستان نے بروقت یہ اقدام اٹھا کر کشمیر درست سمت دی، ہندوستان میں اقلیتیں محفوظ نہیں۔ سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ پاکستان مزید طاقتور ہو گا اور پاکستان کو کمزور کرنے والے خود بخود ختم ہو جائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی شمع جلد روشن ہوگی۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ میں پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں،  پاکستان کا قیام قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کا  نتیجہ تھا ،  قائداعظم علیہ الرحمہ نے مسلم لیگ کے جھنڈے تلے ہند کے مسلمانوں کو یکجا کیا ، پاکستان آج پوری طاقت کے ساتھ  دنیا کے نقشے پرموجود ہے۔  جشن آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان کا قیام حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کا  نتیجہ تھا۔ قائداعظم علیہ الرحمہ نے مسلم لیگ کے جھنڈے تلے ہند کے مسلمانوں کو یکجا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج پوری طاقت کے ساتھ  دنیا کے نقشے پرموجود ہے۔ 1937ء سے 1947ء کے دس سال میں اس مرددرویش اور بطل حریت نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ پاکستان نے کانگرس کے اس بیانیے کو شکست دی جو اسکے قیام پر شک و شبہات پھیلا رہی تھی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان ایک سیاسی جدوجید کے ذریعے معرض وجود میں آیا۔ میں اپنی کشمیری نوجوان نسل سے پرامید ہوں کہ وہ الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔ کشمیریوں کی منزل استصواب رائے کے ذریعے الحاق پاکستان ہے۔ انہوں نے کہاکہ الحاق پاکستان دراصل تکمیل پاکستان ہے ۔ 19 جولائی کی قرارداد الحاق پاکستان انقلاب آفرین ہے۔ جموں کشمیر کی تمام اکائیوں خاص کر جموں و لداخ کے بھائیوں سے کہتا ہوں ہماری منزل پاکستان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بہادر کشمیری آپس میں تفرقہ نہ کریں۔ کشمیریت اور پاکستانیت یک جان دو قالب ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ آزادکشمیر گلگت بلتستان جموں وادی سب نے پاکستان کے ساتھ جانا ہے۔ جموں و کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ 

ای پیپر-دی نیشن