مسائل کا حل پارلیمنٹ کی بالادستی، جمہوریت تسلیم کرنے میں ہے: بلاول
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے کہا ہے کہ پی پی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کی بات کی کم وسائل میں عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ ہماری شکایت ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کو حق نہیں دیا جا رہا۔ این ایف سی ایوارڈ میں ہمارا حق نہیں دیا گیا۔ صوبوں کو وسائل کی کمی ہے۔ سندھ حکومت کے تحت نیبرہڈ امپرومنٹ پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شہر میں فن تعمیر کا شاہکار پرانی عمارتوں کو بھی بحال کریں گے۔ ہم اپنا ٹیکس ریونیو بڑھا رہے ہیں۔ کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا کراچی میں عام آدمی کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔ ہم کراچی کے عوام کو ان کا حق دلائیں گے۔ عمران خان نے کراچی کے عوام سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ قبل ازیں یوم آزادی پر پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل آئین‘ پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کو تسلیم کرنے میں ہے۔ ہمارے نوجوان متحرک اور آزادی کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں۔ پاکستان کی تحریک آزادی پرامن سیاسی جدوجہد تھی۔ آٹا‘ چینی اور پٹرول جیسی اشیاء مافیاز کے کنٹرول میں کیوں ہیں۔ نظریہ ضرورت اور آمریت ہر چند سالوں بعد کیوں سر اٹھا کے سامنے آتے رہتے ہیں۔