• news

معاشی طور پر کمزور قومیں آزاد نہیں ہوتیں، کشکول توڑنا وقت کی ضرورت: شہباز شریف

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا سب سے بڑی کامیابی ہے، وطن کے تحفظ اور سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ جشن آزادی کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں صدر مسلم لیگ ن  نے کہا کہ پاکستان بہت قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا، وہ قومیں آزاد نہیں ہوتیں جو معاشی طور پر مضبوط نہ ہوں، آج اگر پاکستان  ایٹمی طاقت ہے تو پاکستان دوسری طرف ایک ہاتھ میں کشکول ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ کشکول کو توڑا جائے۔ جس طرح پاکستان ایٹمی طاقت بنا اسی طرح ہم اس کشکول کو توڑ سکتے ہیں۔ آج آئی ایم ایف کا اتنا دبا ہے کہ رواں برس ہم تنخواہ دار طبقے کی تنخواہ نہیں بڑھا سکے۔ کرونا کی وجہ سے مہنگائی جوکم ہونی چاہیے تھی آج آسمان سے باتیں کررہی ہے، ایک دور تھا کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی مگر 2018 میں مکمل طور پر لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی تھی۔ آج اگر لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے تو موجودہ حکومت کی بدترین نااہلی کی بدولت ہے۔ شہباز شریف نے اس سے قبل قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ن لیگ کے دیگر قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن