امارات اسرائیل معاہدہ دور رس مضمرات کا حامل، فلسطینیوں کو جائز حقوق ملنے چاہئیں: پاکستان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل میں تعلقات کی مکمل بحالی کے معاہدے پر ردعمل میں دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے پختہ عہد پر کاربند رہا ہے کہ فلسطین کے عوام کے تمام جائز حقوق انہیں دیئے جائیں جس میں استصواب رائے کا حق بھی شامل ہے۔ مشرق وسطی میں امن و استحکام بھی پاکستان کی کلیدی ترجیح ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای) اور اسرائیل میں تعلقات کی مکمل بحالی کے معاہدے کا مشترکہ بیان دیکھا ہے۔ یہ دور رس مضمرات کی حامل پیش رفت ہے۔ منصفانہ، جامع و پائیدار امن کے لئے پاکستان نے اقوام متحدہ اور ’او آئی سی‘ کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون کے مطابق ہمیشہ دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے۔ پاکستان اس تجزیہ سے رہنمائی حاصل کرے گا کہ کیسے فلسطینیوں کے حقوق اور امنگوں کو مقدم رکھا جاتا ہے اور کس طرح سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کی پاسداری کی جاتی ہے۔