• news

14 اگست یوم مسرت کیساتھ احتساب کا دن بھی ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے سینئر رہنمائوں کے مشاورتی اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان اللہ رب العزت کی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ یہ عظیم نعمت عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔ پاکستان جس مقصد کیلئے حاصل کیا گیا وہ آئین پاکستان کے دیباچہ میں درج ہے۔ آئین کی ہر شق پر عملدرآمد سے پاکستان مضبوط ہو گا اور محروم اور غریب عوام کے ہر دکھ کا مداوا بھی آئین پر عملدرآمد میں ہے۔ آئین پر عملدرآمد سے قائداعظم کے تصور پاکستان کو تعبیر کا رنگ ملے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس، عارف چوہدری، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، محمد فاروق رانا، محمد ثناء اللہ شریک تھے۔ دریں اثناء 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ مزید براں مرکزی سیکرٹریٹ میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج یوم مسرت بھی ہے اور یوم احتساب بھی۔ آزادی کے تحفظ کیلئے پاکستان کے ہر شہری کو آئین کے مطابق تعلیم، صحت، انصاف سمیت تمام حقوق دینا ہونگے۔ کرپٹ عناصر کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اعلانات تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے بدعنوانی،اقربا پروری کی تمام برائیاں جڑ سے ختم کرنا ہونگی۔ سیمینار سے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود،سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری، صدر لاہورچوہدری افضل گجر،صدر یوتھ لیگ مظہر محمود علوی،حافظ غلام فرید،میر احسن منیر،شفاقت علی مغل،سید امداد حسین شاہ،نورین علوی،حاجی فرخ نے سیمینار میں اظہار خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن