یوم آزادی پر آخری سانس تک ملک کی حفاظت کا عہد کرتے ہیں: سراج الحق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی عظیم نعمت ہے جس پر پوری قوم کو اللہ کا شکر اداکرنا چاہئے۔ آزادی حاصل کرنے کیلئے کیا کیا مصیبتیں جھیلنا اور قربانیاں دینا پڑتی ہیں یہ کشمیریوں اور فلسطینی مسلمانوں سے پوچھیں۔ سید علی گیلانی نے آزادی کے حصول کیلئے اپنی زندگی کھپا دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جغرافیہ ہی نہیں ایک نظریہ اور عقیدہ بھی ہے۔ پاکستان کے قیام کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور ہمارے اسلاف نے اپنا سب کچھ قربان کرکے ہجرت کی۔ پاکستان عالم اسلام کا دھڑکتا دل اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ قائد اعظم نے پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ اور قرآن کے دستور کی سرزمین قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت اور ناقابل تسخیر بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا پوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آنے والی نسلیں بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی احسان مند ہیں۔ قوم کی بیٹی دشمن کی قید میں ہو تو آزادی بے معنی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم عزم کرتے ہیں کہ زندگی کی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک پاکستان کی حفاظت کریں گے۔