حافظ آباد: زمین کے تنازعہ پر2گروپوں میں فائرنگ،2افراد جاں بحق،ایک زخمی
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد کے نواحی گائوں چھنی سلطان میں دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجہ میں 2افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید ذخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں نیشنل بینک حافظ آباد کے سابق منیجراکبر بھون کا بیٹا بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق چھنی سلطان میں زمین کے تنازعہ پر بھون برادری سے تعلق رکھنے والے دو گروپوں میں تنازعہ چلا آرہاتھا ۔ گزشتہ روز دونوں گروپوں کے افراد میں جو کہ قریبی عزیز بھی ہیں۔ ان میں توں تکرار کے بعد فائرنگ شروع ہوگئی جس کے نتیجہ میں دو افرادفہد ولد اکبر بھون اور وقاص ولد اکرم بھون جاں بحق جبکہ شاور شدید ذخمی ہوگیا جسے فوری طور پر ٹراما سنٹر منتقل کردیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس ونیکے تارڑ موقع پر پہنچ گئی جس نے نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔