• news

حادثات، 9 افراد جاں بحق، گجرات میں طلبہ کا ڈالہ پل سے گرگیا

لالہ موسیٰ+گجرات+زیارت+کراچی(نامہ نگاران+نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) مختلف حادثات میں9افراد جاں بحق جبکہ 19افراد زخمی ہو گئے۔ گجرات میںطلبہ کا ڈالہ پل سے نیچے گر گیا، لالہ موسیٰ میں ٹرک اور موٹرسائیکل میں تصادم ہو گیاادھر بلوچستان کے علاقے زیارت میں کار کھائی میں گر گئی ،کراچی میں جشن آزادی منانے والے موٹر سائیکل سوار بچوں کو کار نے روند ڈالا ۔ تفصیلات کے مطابق گجرات میں رحمانیہ پل سے کلیفٹ لپ اینڈ پیلٹ ہسپتال قرآن خوانی کیلئے جاتے ہوئے ہسپتال کا ڈالہ رکشے کو بچاتے ہوئے رحمانیہ پل سے نیچے جاگر جس کے نتیجہ میں ڈالہ میں سوار 13بچوں میں سے 2بچے16سالہ ثقلین مشتاق سکنہ لیہ، 18سالہ عمر نذیرسکنہ ٹاہلی پورہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 11بچے شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیاگیا، حادثے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر عزیز بھٹی شہید میں زخمی بچوں کی عیادت کی ۔ادھرکھاریاں پبی میں ٹرک اور موٹرسائیکل حادثہ میںمحمد آصف ولد محمد رشید سکنہ کھرکا اور محمدمخفوظ ولد اللہ دتہ سکنہ چک سکندر کھاریاں موقع پرجاں بحق ہو گئے جبکہ مسعود احمد ولد علی حیدر سکنہ کھرکا زخمی ہوگیا۔علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے زیارت میں گاڑی کھائی میں گرنے سے تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق بوستان سے ہے اور پکنک منانے زیارت گئے تھے۔دریں اثناء شہر قائد میں آئی سی آئی پل کے قریب موٹرسائیکل کی کار کو ٹکرکے نتیجے میں2بچے جاں بحق جبکہ3زخمی ہوگئے ،ریسکیو کا کہنا کہ حادثے میں2 بچیوں سمیت 3بچے زخمی ہو گئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کی شکار موٹر سائیکل پر پانچوں بچے بہن بھائی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 14 سال کا عمر اور 3 سال کا اویس شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 4سال کی افشاں، 6 سال کی منیبہ اور 7 سال کا عبدالہدی شامل ہیں۔ریسکیو کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا بھائی یوم آزادی منانے کے لیے بچوں کو موٹر سائیکل پر گھمانے کے لیے نکلا تھا کہ آئی سی آئی پل کے قریب کار کی ٹکر سے حادثے کا شکار ہو گئے۔معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے بچے بلدیہ 7 نمبر کے رہائشی ہیں، اہل خانہ سول ہسپتال پہنچے تو بچوں کو دیکھ کر ان کی حالت غیر ہونے لگی۔

ای پیپر-دی نیشن