سعودی عرب نے ہر مشکل میں ساتھ دیا: ساجد میر‘ دوستی لازوال ہے: نواف المالکی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات کی۔ سینیٹر حافظ عبدالکریم بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی سفیر نے علامہ ساجد میر اور حافظ عبدالکریم کو یوم آزادی کی مبارک پیش کی اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کی ترقی وسلامتی کا ہمیشہ خواہاں رہا ہے۔ دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے۔ علامہ ساجد میر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا محسن ملک ہے۔ ہر مصیبت کے وقت سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ حرمین شریفین کی وجہ سے سعودی عرب ہماری عقیدتوں کا مرکز ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کی دوستی پروان چڑھتی رہے اسی میں سب کا مفاد ہے۔ دونوں ممالک عالم اسلام میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ سعودی سفیر نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس جماعت نے ہمیشہ سعودی عرب کے استحکام اور ترقی کے لئے ساتھ دیا۔ سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ جو لوگ پاک سعودیہ تعلقات میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ناکام ہوں گے۔