دیرپا امن کیلئے مذاکرات400 ، میں سے 80 طالبان قیدی رہا کردئیے
کابل (اے پی پی) افغان حکومت نے 400 طالبان قیدیوں میں سے 80 قیدیوں کو رہا کر دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حوالے سے افغان قومی سلامتی کونسل کے دفتر کے ترجمان جاوید فیصل نے بتایا کہ 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کے لیے لویا جرگہ کی منظوری کے بعد افغان حکومت نے 80 قیدیوںکو گزشتہ روز رہا کر دیا جس کا مقصد ملک میں جنگ بندی اور دیرپا امن کے قیام کے لیے براہ راست مذاکرات کی طرف تیزی سے بڑھنا ہے۔ فروری میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے تحت امریکہ اور اس کی نیٹو اتحادی فورسز آئندہ سال جولائی تک افغانستان سے نکل جائیں گی اور معاہدے کے مطابق افغان حکومت نے 5000 طالبان قیدیوں اور طالبان نے ایک ہزار حکومتی عملے اور افغان فوجیوںکو رہا کرنا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے افغان حکومت نے 400 طالبان قیدی کے سوائے باقی قیدیوں کو رہا کر دیا اور طالبان نے بھی ایک ہزار حکومتی عملے اور افغان فوجیوں کو رہا کر دیا لیکن لویا جرگی کی منظوری کے ایک دن بعد افغان صدر اشرف غنی نے 400 قیدیوں کی رہائی کے معاہدے کی منظوری دے دی جس کے تحت گزشتہ روز ان میں سے 80 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔