بل گیٹس کا پولیو مہم کی حمایت پر پاک فوج کو خراج تحسین: کرونا کیخلاف کامیابی قومی کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، آرمی چیف
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل ایلمنڈا گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس کی ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے، یہ بات چیت کووڈ 19 سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کوششوں اور ملک میںپولیو کے خاتمے پر مرکوز تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بل گیٹس نے پولیو کی مہم کی بھرپور حمایت پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جس کے نتیجے میں پولیو کے خاتمے کی مہم ملک کے طول و عرض میں چلائی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پولیو کے خلاف مہم ایک قومی کوشش ہے تا کہ پاکستان کو پولیو کو مکمل طور پر نجات دلائی جا سکے۔ اس مرض سے چھٹکارے کیلئے نچلی سطح پر کام کرنیوالے کارکنوں کو کریڈٹ جاتا ہے، خاص طور پر موبائل ٹیموں، قانون نافذ کرنیوالے اداروںصحت کے شعبہ سے متعلق کارکنوں کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔ آرمی چیف اور بل گیٹس نے کووڈ 19 کی وبا کے دوران انسداد پولیو کی مہم کو موثر بنانے کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بل گیٹس نے کووڈ 19 کے خلاف وسائل کی کمی کے باوجود پاکستان کی کامیابی کو سراہا ۔ آرمی چیف نے اس سلسلے میں کامیابی کو قوم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا اور این سی او سی کے کردار کو بھی سراہا جس نے محمود وسائل کو موثر طور پر استعمال کیا۔ بل گیٹس نے اپنی فائونڈیشن کی طرف سے کرونا وائرس کی وبا کے خلاف امداد کا اعادہ کیا اور پاکستان کو پولیو کے خاتمے کیلئے اس کی کوششوں میں مدد دینے کا بھی اعادہ کیا اور پاکستان کے صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی فائونڈیشن کی طرف سے مدد دینے کی یقین دہانی کرائی۔