• news

نیو اسلام آباد ائرپورٹ کی سیلنگ بارش سے نیچے آ گری، سول ایوی ایشن کا نوٹس، رپورٹ طلب

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)  نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر گزشتہ دنوں کی بارش سے سیلنگ نیچے آگری۔ گرتی سیلنگ کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ناقص تعمیر کا ایک بار پھر پول کھل گیا ہے۔ ایئرپورٹ پر 2 روز قبل ہونے والی بارش سے سیلنگ نیچے آگری۔ انٹرنیشنل ڈیپارچر اور ڈومیسٹک ڈیپارچر کی سیلنگ گرنے کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی۔ سیلنگ گرتے ہی بارش کا پانی بھی لائونجز میں داخل ہو گیا۔ واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر سیلنگ کی ٹائلوں کا ڈھیر لگ گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی ناقص تعمیرات کی انکوائری 2 سالوں سے جاری ہے‘ لیکن تاحال کوئی نتیجہ خیز کارروائی سامنے نہیں آئی۔ یاد رہے کہ یہ ایئرپورٹ سو ارب روپے سے زائد کی لاگت میں 10 سال کے طویل عرصے کے بعد عجلت میں مکمل کیا گیا تھا۔ (ن) لیگ کی حکومت میں یکم مئی 2018ء  کو اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس کا افتتاح کیا تھا۔ اسی طرح سے 105 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے آپریشنل ہونے کے دو سال بعد بھی مسائل ختم نہ ہوسکے۔ فوٹیج میں بارش کے دوران ائیرپورٹ کے ڈومیسٹک و انٹرنیشنل وی آئی پی لائونجز سمیت کنکورس ہال کی چھت سے پانی کو برستے دیکھا جاسکتا ہے، مسلسل لیک ہوتے پانی کے باعث چھت سے فال سیلنگ بھی گرتی ہوئی دیکھی جاسکتی ہے۔ ائیرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لائونج اور کنکورس ہال میں پانی جمع ہونے کے باعث عملے کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر وفاقی وزیر  ہوا بازی نے صورتحال کا سخت نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ  وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان آج ایوی ایشن ڈویژن اور پی سی اے اے کے اعلی افسران کے ہمراہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن