• news

زرداری کی آج احتساب عدالت پیشی، فول پروف سکیورٹی ، غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی

اسلام آباد (نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق صدر آصف علی زرداری آج 17اگست کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ نیب نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو سکیورٹی فراہمی کیلئے خط لکھ دیا۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری، نوازشریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کررکھا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کل توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے اورگزشتہ روز شام خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پی پی صدر کی پیشی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ، سینیئر رہنما اور پیپلز لائرز فورم کے وکلاء اظہار یکجہتی کے لیے نیب کورٹ پہنچیں گے۔ قبل ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے توشہ خانہ ریفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا تھا۔ آصف زرداری کی پیشی پر احتساب عدالت اور نیب دفاتر کی سیکورٹی بڑھاتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے احتساب عدالت اور نیب دفاتر کی فول پروف سکیورٹی کا حکم دے دیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق ایک سیاسی جماعت کے رہنما کارکنان کو احتساب عدالت آنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ احتساب عدالت، نیب میلوڈی دفتر اور نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز کی سکیورٹی بڑھائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن